Page Nav

HIDE

تازہ ترین خبر:

latest

طالبان کا پاکستانی امداد لینے سے انکار

  افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان سے امداد قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اس پیش  رفت کو دونوں پڑوسیوں کے درمی...

 



طالبان کا پاکستانی امداد لینے سے انکار


افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان سے امداد قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اس پیش
 رفت کو دونوں پڑوسیوں کے درمیان تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ایک اور ثبوت کے طورپر دیکھا جا رہا ہے۔ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے فوری مدد کی پیش کش کرتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا مگر غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق کابل کی جانب سے کلیئرنس دینے سے انکار کی وجہ سے امداد ی سامان اب تک افغانستان روانہ نہیں کیا جاسکا ہے۔بظاہر  دونوں ملکوں کے حکام کی جانب سے اس کی اب تک کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی تاہم دونوں پڑوسیوں کے درمیان موجودہ کشیدگی  طالبان کی جانب سے امداد کو مسترد کردینے کی بنیادی وجہ معلوم ہوتی ہے،میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی سوشل میڈیا  پر ایک پوسٹ امداد قبول کرنے سے انکار کی وجہ ہے۔ بظاہر مغربی افغان صوبے ہرات میں 6.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شروع ہوا۔ اسلام آباد نے زلزلے کے فوراً بعد اعلان کیا کہ وہ متاثرین کے لیے موسم سرما میں استعمال ہونے والے 5000 خیمے، 15000کمبل، کھانے پینے کی اشیاء، طبی ساز و سامان اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے ساتھ ایک ٹرانسپورٹ طیارہ روانہ کرے گا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے امدادی ساز و سامان کی کھیپ تیار کی اور اس کی تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بھی ڈال دی۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس کے  چند گھنٹے بعد نگران وزیر اعظم انوار الحق  کاکڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دعویٰ کیا کہ یہ امداد طالبان کی درخواست پر بھیجی جارہی ہے۔لیکن طالبان نے امداد کے لیے کسی بھی درخواست کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونی امداد کے لیے آج تک باضابطہ اپیل نہیں کی ہے۔ ادھر میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ "ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی اور ہماری حکومت کا مذاق اڑایا گیا۔ "جب ان سے پاکستانی امداد قبول کرنے سے انکار کی وجہ دریافت کی گئی تو طالبان رہنما نے پاکستان کے نگراں وزیر اعظم کاکڑ کے بیان کو "غیر ذمہ دارانہ" قرار دیتے ہوئے اس پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے پاکستانی رہنما کو مشورہ دیا کہ وہ افغانستان کے بارے میں بیانات جاری کرتے ہوئے محتاط رہیں۔دوسری جانب  ایک اعلیٰ پاکستانی اہلکار نے طالبان رہنما کے دعووں پر سوال کیا کہ آخر اسلام آباد امدادی سامان افغانستان کیوں نہیں بھیج سکتا؟انہوں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ، "کابل نہ تو ہاں کہتا ہے اور نہ ہی نہیں۔ انہوں نے امداد کی باضابطہ درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ وہ یہ بتائیں کہ اسے کب بھیجنا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں