Page Nav

HIDE

تازہ ترین خبر:

latest

فرحت شاہ کالم

  شفاف نظام فرحت شاہ    ہمارے ہاں جب تک پورا نظام اللہ کے تابع نہیں ہوگا اس وقت تک سب کچھ ٹھیک ہونا ممکن نہیں ہے۔انسان کے بنائے ہوئے قوانین ...

 

شفاف نظام


فرحت شاہ


   ہمارے ہاں جب تک پورا نظام اللہ کے تابع نہیں ہوگا اس وقت تک سب کچھ ٹھیک ہونا ممکن نہیں ہے۔انسان کے بنائے ہوئے قوانین ہوں۔نظام ہو ادارے ہوں۔غرض کوئی بھی شعبہ ہو اگر ہماری رہنمائی اللہ اور اسکے رسول کے علاؤہ کوئی اور کر رہا ہو تو اس سے ہم سو فیصد درست نتیجہ حاصل نہیں کر سکتے۔انسان تجربوں سے سیکھتا ہے ۔لیکن اللہ کے احکامات میں تجربات کی ضرورت نہیں ہوتی ۔اس پر مکمل یقین ہوتا ہے،شک کی گنجائش نہیں ہوتی ۔

  آپ معاشرت ہو معیشت ہو،عدل کا نظام ہو غرض ہر شعبے کے لئے مکمل اور جامع انداز میں راہنمائی موجود ہے۔ہم جتنا اس راہنمائی سے مستفید ہوں گے اتنے ہی کامیاب اور پُرسکون رہیں گے۔جتنے اس سے دور ہوتے جائیں گے۔اتنے ہی پریشانیوں اور آزمائشوں کے نرغے میں آجائیں گے ۔

  آج بھی اگر ہمارے ہاں ہر شعبہ شفافیت کو اوّلیت دے،تو ہر طرف سکون کی فضا قائم ہو جائے گی ۔لوگوں کو بروقت انصاف ملے ،حق دار کو بغیر سفارش کے اس کا حق ملے ۔ملازمت والے کو میرٹ کی بنیاد پر ملازمت ملے ۔ہر بندہ کرپشن کو گناہ کبیرہ سمجھے۔اشیاء خوردونوش ملاوٹ کے بغیر مناسب قیمت پر ملیں۔غریب کو تعلیم اور علاج کی بغیر تفریق کے مساوی سہولیات میسر ہوں۔دھوکہ فراڈ چوری ڈاکہ جیسی برائیوں کا جڑ سے خاتمے ہو۔ایسا ملک دنیا میں جنت کا نمونہ ہوگا۔تعصب کا خاتما ہو۔سب کو مذہبی آزادی ہو ۔لوگ سکون کے ساتھ پیار محبت کے ساتھ رہیں ۔ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی دوستانہ روابط ہوں۔ایک دوسرے کی سرحدوں کا احترام کیا جائے۔

 جیو اور جینے کے فارمولے پر سب عمل کریں۔ظالم کو پتہ ہو کہ ظلم کرکے وہ قانون سے نہیں بچ سکتا۔مجرم کو اس کی سزا دینا عین انصاف ہے۔تاکہ دوبارہ کوئی جرم کر نے کی ہمت نہ کرے۔ہر محنت مزدوری کرنے والے کو اس کی اجرت واقعی اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ملے۔اور اس کی اجرت اتنی ہو کہ وہ بھی معاشرے میں عزت کی زندگی بسر کرسکے۔لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک انکے عہدوں کی وجہ سے نہ ہو ،بلکہ امیر غریب سب کو عزت دی جائے۔کسی شخص کی تحقیر نہ کی جائے۔پورے ملک میں عدالتوں کے دروازے سب کے لئے یکساں انصاف کی بنیاد پر چوبیس گھنٹے کھلے ہوں ۔انصاف مفت اور فوری ملے تاکہ لوگ ساری ساری زندگی انصاف کے لئے سڑکوں پر خوار نہ ہوں۔بیوہ اور یتیم بچوں کے لئے ایسے فنڈز ہوں کہ وہ بھی معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔ہر خاندان کا اپنا گھر ہو۔ہر خاندان کے ذرائع آمدنی اتنے ہوں کہ وہ باعزت بنیادی ضروریات پوری کرسکیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ایسے صالحین کی قیادت عطا فرمائے ۔جو ملک کو واقعی پاکستان بنادیں۔یعنی پاک لوگوں کے رہنے کی جگہ بنادیں۔کتنی دھائیاں کتنے لوگ اسی امید اور آ س کے سر پر گزار گئے ۔جو امیدیں لے کر یہ پاکستان بنایا گیا تھا۔اس طرح شائید قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال اور وہ تمام بزرگ جنہوں نے اس پاک سر زمین کے لئے جو خواب دیکھے تھے ۔جس امید پر قربانیاں دی تھیں۔ان کو تعبیر مل جائے ان کی روحوں کو سکون مل جائے۔اور پاکستانیوں کی تقدیر بدل جائے ۔آمین یا رب العالمین

کوئی تبصرے نہیں